قومی خبریں

حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے 25 لاکھ سے زائد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دئیے گئے ،بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی بدترین معاشی صورت حال کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ جب سے عمران خان وزیراعظم بنے ہیں، صرف آٹے کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے،مافیا کے سرپرست عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیا میں مہنگائی کی سالانہ شرح 15 فیصد تک پہنچ گئی ہے ،عمران خان نے بڑے بڑے دعوے کرکے اقتدار تو ہتھیالیا مگر وہ ملک چلانے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں،معاشی ترقی کا پیمانہ جی حضوری کرنے والے افسران کی رپورٹیں نہیں بلکہ عام آدمی کے چہرے کی مسکراہٹ ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ جس ملک کے وزیراعظم کو کشکول اٹھانے کے علاوہ کچھ اور نہ آتا ہو، وہ کیسے مہنگائی کا خاتمہ کرے گا،مہنگائی سے نجات کا بس ایک ہی طریقہ ہے کہ ملک کو عمران خان سے نجات دلائی جائے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صرف ایک سال میں عمران خان حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے 25 لاکھ سے زائد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دئیے گئے ہیں عمران خان کو خبر ہی نہیں کہ ملک کے تقریبا نصف کاروباری ادارے اپنے ملازمین کی ایک چوتھائی تنخواہ کم کرچکے ہیں۔