قومی خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف نے ”سلام پاکستان“ برانڈ اور ای پورٹل کا افتتاح کردیا

اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے”سلام پاکستان“ برانڈ اور ای پورٹل کا افتتاح کردیا۔ افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مشیر وزیراعظم عون چوہدری نے وزیراعظم کو سلام پاکستان کا میمنٹو بھی پیش کیا۔ ایران کے وزیر ثقافت، تاریخی ورثہ، سیاحت و دستکاری سید عزت اللہ زرغامی اور ایران کے سفیررضا میری سمیت سفارتی برادری اور اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔ای پورٹل بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سیاحت کے لحاظ سے پہچان کو منفرد اور دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سیاحوں کےلئے ایک بے مثال ملک ہے، ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا، پاکستان میں بے شمارسیاحتی مقامات ہیں اور خصوصاً ملک کے شمالی علاقہ جات کے قدرتی مناظر بے مثال ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ انہوں نے کہاکہ تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے، پاکستان میں سیاحت، ثقافت اور تاریخی ورثہ کے فروغ کے وسیع مواقع دستیاب ہیں، ملک میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور فروغ کےلئے مشیر وزیراعظم عون چوہدری اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل قدر ہیں،برادر اسلامی ممالک سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک نے ثقافت، دستکاریوں اور سیاحت کے شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے،پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور خوبصورت مناظر سے نواز ہے خصوصاً ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت مقامات کو سیاحت کے فروغ کےلئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عون چوہدری کی سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور پاکستان کےلئے قابل قدر خدمات ہیں۔ وزیراعظم نے غیرملکی سفیروں اور سفارتی برادری کی تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک میں سیاحت، ثقافت، تاریخی ورثہ اور دستکاریوں کے شعبہ کی ترقی کےلئے ”سلام پاکستان“برانڈ اور ای پورٹل کو کامیابیوں سے نوازے