قومی خبریں

ہیپاٹائٹس عالمی سطح پر ایک بہت بڑا چیلنج ہے،صدر

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس عالمی سطح پر ایک بہت بڑا چیلنج ہے،ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے کیونکہ اسکی علامات ظاہر نہ ہونے سے اس کے پھیلا¶ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے‘عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر پیغام صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سے عالمی سطح پر ہر سال بڑی تعداد میں اموات واقع ہوتی ہیں، ہیپاٹائٹس سے ہمارے ملک میں صحت عامہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ صدر مملکت زرداری نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے ہمارے صحت کے نظام پر بوجھ پڑتا ہے،صحت عامہ کے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر اسکریننگ اور بروقت تشخیص کی ضرورت ہے، اسکریننگ اور بروقت تشخیص سے پاکستان کے صحت عامہ کے نظام پر بوجھ کم ہوگا۔صدر کا کہنا تھا کہ بروقت اقدامات نہ اٹھانے سے پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے.ہمیں عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے، اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولیات بڑھانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، ہیپاٹائٹس سے بچا¶، اسکریننگ اور علاج کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی‘ہیپاٹائٹس سے بچا¶ اور اسکے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زوردیکرکہاکہ میڈیا، تعلیمی ادارے، اساتذہ اور سول سوسائٹی کو ہیپاٹائٹس کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دینا ہوگی،آئیے مل کر ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان بنانے کیلئے کام کریں۔