بین الاقوامی خبریں

یونان: کشتی الٹنے سے 5 تارکین وطن ہلاک

ایتھنز:یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد کم از کم 5 تارکین وطن ڈوب کر ہلاک ہوگئے اورکئی لاپتا ہوگئے۔غیر ملکی میڈیارپورٹ کے مطابق کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ کارگو جہازوں کے ذریعے اب تک 39 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے،
جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ کتنے افراد لاپتا ہیں۔یونانی حکام کی جانب سے گزشتہ رات واقعے کے بارے میں آگاہ کرنے کے بعد سے کوسٹ گارڈ کی کشتیاں، تجارتی جہاز، ایک اطالوی فریگیٹ اور بحریہ کے طیارے اس علاقے کی تلاشی لے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ علیحدہ علیحدہ واقعات میں، مالٹا کے کارگو جہاز نے گاوڈوس سے تقریباً 40 نارٹیکل مائل دور ایک کشتی سے 47 تارکین وطن کو بچایا،
جبکہ ایک ٹینکر نے یونان کے جنوب میں واقع چھوٹے سے جزیرے سے تقریباً 28 نارٹیکل مائل دور دیگر 88 تارکین وطن کو ریسکیو کیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق کوسٹ گارڈ حکام کا خیال ہے کہ یہ کشتیاں لیبیا سے ایک ساتھ روانہ ہوئی تھیں۔