قومی خبریں

صوبائی حکومت پرنٹ میڈیا کے مسائل پر سنجیدہ نہیں، ایکشن کمیٹی

کوئٹہ : ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے وفد کی کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید سے ملاقات ۔
وفد میں حاجی غفار لانگو، مرتضیٰ ترین ،رضوان ہاشمی ،مدثر ندیم اور عاطف خان شامل تھے۔ ملاقات میں پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر ایکشن کمیٹی کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پرنٹ میڈیا کو حکومت کی جانب سے بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے
اور اس سلسلے میں اشتہارات کو BPPRA پر مکمل منتقل کرنے کیلئے سفارشات بھی طلب کی جاچکی ہیں ،
اس حکومتی اقدام سے صوبے کی واحد صنعت کے بند ہونے کا اندیشہ موجود ہے ۔ چونکہ پرنٹ میڈیا بلوچستان کی واحد صنعت ہے جس سے ہزاروں افراد منسلک ہیں،صوبائی حکومت کی جانب سے زمینی حقائق کے برعکس فیصلے کرنے سے بحران جنم لے سکتا ہے۔
وفد نے مزید کہا کہ گزشتہ 4 ماہ سے واجبات کی عدم ادائیگی بھی ظاہر کرتی ہے کہ صوبائی حکومت پرنٹ میڈیا کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ صوبے کے اخبارات کیلئے آواز بلند کی ہے کیونکہ ہم پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔
کوئٹہ پریس کلب کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ پرنٹ میڈیا کو بچانے کیلئے ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے موقف کی تائید اور ہرممکن مدد کرینگے ۔