قومی خبریں

پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کارروائیاں جاری

لاہور‘بہاولپور،علی پور: بہاولپور، علی پور اور لودھراں کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کا مشترکہ ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے۔ دریائے ستلج کے قریب واقع متاثرہ علاقوں میں پانی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہیں،

جبکہ سول محکمے بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، فوری طبی امداد فراہم کرنے اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ ان کیمپس میں پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو مفت علاج اور ضروری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر کمانڈر بہاولپور کور نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور جاری امدادی کارروائیوں، متاثرین کی بحالی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور فوجی اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ پاک فوج کا یہ انسان دوست کردار ایک مرتبہ پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ قدرتی آفات میں افواج پاکستان ہر اول دستے کے طور پر عوام کے شانہ بشانہ موجود ہوتی ہیں۔