پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے، جعفر مندوخیل
کوئٹہ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کا اپنا اسٹریٹجک محل وقوع اسے پورے خطے کیلئے اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کا ایک اہم تجارتی مرکز بنا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں یہ بھی ہماری خوش قسمتی ہے کہ موجودہ وفاقی وزیر تجارت کا تعلق بلوچستان سے ہے جو صوبے کی معیشت، زراعت اور سرحدی تجارت کو فروغ دینے کے ماہر ہیں اور ہمارے پاس ان کی بصیرت سے مستفید ہونے کا بہترین موقع ہے لہذا ضروری ہے کہ صوبے بھر کے تاجروں اور زمینداروں کی معاونت اور نئی معاشی سرگرمیاں پیدا کرنے کیلئے فوری طور پر ٹھوس عملی اقدامات کریں تاکہ ہم صوبے میں غربت اور بیروزگاری جیسے اہم مسائل پر قابو پا سکیں۔
یہ بات انہوں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے ساتھ گورنر ہاس کوئٹہ میں ملاقات کے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان بلوچستان کے راستے ایران سے منسلک ہے اور ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کے بہت روشن امکانات ہیں۔ ہم بلوچستان کے منسلک لینڈ روٹ کا بھرپور فائدہ اٹھا کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے۔ بلوچستان میں آج بھی تجربہ کار سیاسی شخصیات اور معیشت کے ماہرین موجود ہیں جن کے علم اور تجربے سے فائدہ اٹھا کر ہم صوبہ کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدلتے ہوئے حالات اور بڑھتی ہوئی انسانی ضروریات کے مطابق صوبے بھر میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا موجودہ حکومت کیلئے ایک چیلنج ہے.
صوبے کے دور افتادہ اضلاع میں بہت زیادہ پسماندگی ہے. ہمیں عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے تمام پالیسیوں اور منصوبوں کا محور و مرکز مفاد خلق کو بنانا ہوگا. پورے خطے کا تیزی سے بدلتا ہوا سیاسی و معاشی منظرنامہ ہم سے بحیثیت قوم دانشمندانہ فیصلے لینے کا متقاضی ہے کیونکہ عوام دوست پالیسیوں اور منصوبوں سے ہم بآسانی اپنے ملک و قوم کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکال سکتے ہیں. وقت آپہنچا ہے کہ ہم چھوٹے چھوٹے حقیر ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی سوچ واپروچ کو اختیار کریں اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر سب کو ساتھ لے جانے کی پالیسی اختیار کریں۔