پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے 2 ارب ڈالر واپس کر دئیے
اسلام آ باد:پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے 2 ارب ڈالر واپس کر دئیے، پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو مزید 1 ارب ڈالر آئندہ ہفتے ادا کیے جائیں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ یہ ادائیگیاں آئندہ ایک ہفتے کے دوران مرحلہ وار کی جائیں گی، اسٹیٹ بینک کے ذخائر جون تک 18ارب ڈالرز تک بڑھانے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے، یو اے ای کو 2ارب ڈالرز 18۔ اپریل کو ادا کر دیے گئے ، باقی ماندہ ایک ارب ڈالرز 23اپریل کو ادا کرنے کا پلان ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے یو اے ای کو 45کروڑ ڈالرز کا 30سالہ پرانا قرضہ واپس کردیا ہے تاہم سعودی عرب کے 3ارب ڈالرز اضافی مالی سہولت سے خلا پر ہوجائے گا، پاکستان کیلئے سعودی عرب کے ڈپازٹ کا حجم بڑھ کر 8 ارب ڈالرز ہوجائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ ڈپازٹ کے علاوہ پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی ملنے کا امکان ہے جبکہ تیل کی موجودہ ایک ارب ڈالرز کی سعودی سہولت ختم ہونے کے قریب ہے۔سعودی عرب اس وقت ماہانہ پاکستان کو 10کروڑ ڈالرز آئل فیسلیٹی فراہم کررہا ہے، سعودی عرب سے رواں مالی سال ایک ارب ڈالرز تیل کی سہولت فراہمی کا تخمینہ ہے، آئی ایم ایف سے اگلی قسط میں ایک ارب 21کروڑ ڈالرز اگلے ماہ ملنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو رقم ملے گی۔