قومی خبریں

ملک میں کورونا صورتحال باعث تشویش ہے ، شہبازشریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں آکسیجن کی قلت میں اضافے اور کورونا صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ملک کو بھارت جیسی بدقسمتی سے بچانے کے لئے تمام فریقین کی مشاورت سے جامع ہنگامی حکمت عملی مرتب کی جائے ۔ انہوں نے کہا وائرس کی نئی اقسام اور اس کے مہلک اثرات سے عوام کو بچانے کے لئے حکمت عملی کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا ہمارے دور میں ڈینگی وبا سے نمٹنے کے لئے وضع کی گئی کامیاب حکمت عملی کا ماڈل استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت عوام الناس کی حفاظت کے لئے ویکسین کی فراہمی کے عمل کو تیز کرے اس کے لئے نجی شعبے کی مدد لی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کورونا کے موجودہ مرحلے میں مزید کسی قسم کا ابہام، شش وپنج یا لیت ولعل ہلاکت خیز غلطی ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا گزشتہ ماہ و سال کے تجربات کا یہی نتیجہ سامنے آیا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کا واحد راستہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جلد از جلد ویکسین لگانا ہے۔ انہوں نے کہا یہ مجرمانہ غفلت ہے کہ حکومت نے مطلوبہ مقدار میں ویکسین کی خریداری کے لیے بروقت اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے کہا اس مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں کورونا آج اس حد تک ملک میں پھیل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح، دوٹوک ذہن اور پالیسی کے ساتھ مرحلہ وار انتظامی امور پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا زمینی حقائق کا درست تعین، قابل اعتماد اعدادوشمار کی فراہمی اور اقدامات کی موثر نگرانی کو یقینی بنانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کورونا سے متعلق وفاق ،چاروں صوبوں، آزادکشمیراورگلگت بلتستان میں یومیہ بنیادوں پر مشاورت کا سلسلہ شروع ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا قوم سے اپیل کرتاہوں کہ کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اس موذی وبا کے خاتمے میں حکومتی اداروں کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا تمام عوامی نمائندے ہر سطح پر اپنے اپنے حلقہ اثر میں عوام کو شعور دیں اور انہیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں مدد دیں ۔ انہوں نے کہا حکومت عقل مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو فعال کرے اور کورونا وبا سے نمٹنے میں اس ادارے اور اس کے نمائندوں سے مدد لے۔