قومی خبریں

آزادی صحافت کی اصل قیمت مقبوضہ کشمیر کے جرات مند صحافی چکا رہے ہیں، مشعال حسین ملک

راولپنڈی :حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کی اصل قیمت مقبوضہ کشمیر کے جرات مند صحافی چکا رہے ہیں،کشمیری صحافیوں نے بھارتی مظالم کے باوجود حق کی شمع کو روشن رکھا ہوا ہے۔ ورلڈ پریس فریڈم ڈے پر پیغام میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ آزادی صحافت کی اصل قیمت مقبوضہ کشمیر کے جرات مند صحافی چکا رہے ہیں،کشمیری صحافیوں نے بھارتی مظالم کے باوجود حق کی شمع کو روشن رکھا ہوا ہے، چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن نے قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں قید اور تشدد کا نشانہ بننے والے کشمیری میڈیا ورکرز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی آواز بننے والے بین الاقوامی صحافی انسانیت کے حقیقی سفیر ہیں۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ کی بندش اور پریس پر قدغن لگا کر سچ کو نہیں چھپا سکتا۔ حریت رہنما کی اہلیہ نے کہا کہ عالمی یومِ صحافت پر عالمی برادری کشمیری صحافی آصف سلطان اور دیگر کی رہائی کے لیے دباو ڈالے، حریت رہنماوں کی جدوجہد کو دنیا تک پہنچانے میں قلم کے مجاہدوں کا لہو شامل ہے، پریس فریڈم ڈے پر کشمیری ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کی داستانیں لکھنے والے قلم کاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر عائد کالے قوانین کا نوٹس لے، سچ لکھنا جرم ہے تو یہ جرم وادی کا ہر غیور صحافی بار بار کرے گا۔