نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے وکیل اور سابق سینیٹر سید نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں سمری صدر پاکستان کو بھیج دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور ان کی نئی تعیناتی پر مبارکباد پیش کی۔
سید نہال ہاشمی ایک تجربہ کار وکیل اور سیاستدان ہیں جنہوں نے مارچ 2015 سے فروری 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ 1997 سے 1999 تک وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوقرہے۔
نہال ہاشمی نے 2012 میں کراچی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر خدمات انجام دی، جبکہ اگست اور اکتوبر 2014 میں انہیں سندھ مسلم لیگ (ن) کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔انہوں نے 2015 کے پاکستانی سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے جنرل نشست پر سینیٹر کے طور پر انتخاب جیتا۔ جون 2017 میں انہوں نے سینیٹ سے اپنا استعفیٰ واپس لیا۔ تاہم یکم فروری 2018 کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کے کیس میں نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید کی سزا سنائی اور اگلے پانچ سال تک عوامی عہدہ رکھنے سے روک دیا۔