صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے،جعفر خان مندوخیل
کراچی:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان کو سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے،
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ(BBoIT) کے زیر اہتمام، چینی قونصل خانہ کراچی،فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اور پاک چین اقتصادی تعاون کونسل کے اشتراک سے چینی قونصل خانہ کراچی میں ”بلوچستان پاکستان کے معاشی مستقبل کی سمت“کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے اپنے خطاب میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی اور کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ بلوچستان کی معاشی ترقی کو نئی رفتار دی جا سکے۔
سیمینار سے خطاب میں چین کے قونصل جنرل ”یانگ یون ڈونگ“ نے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر پاک چین اقتصادی تعاون کونسل PCECC))کے صدر بایزید کاسی نے پاکستان اور چین کے مضبوط معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT)کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں بلوچستان کو صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے اگلا اہم مرکز قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان تبدیل ہو رہا ہے، سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں،
انہوں نے پاکستان اور چین کے تجارتی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے چیئرمین پالیسی ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین،پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر،پاک چین اقتصادی تعاون کونسل کے نائب صدر میر محمد امید بلوچ،سیکرٹری جنرل رائے لوو نے اپنے خیالات کا اظہار کیااور پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون کے مزید فروغ اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا،انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری جامع معاشی ترقی اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
اس موقع پربلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے واجد حبیب نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تفصیلی جائزہ پیش کیا، جس میں معدنیات، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور تجارتی سہولیات کے شعبوں میں موجود امکانات کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان کے قدرتی حسن، کاروباری سہولت مرکز، اور معدنی وسائل پر مبنی معلوماتی دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں۔سیمینار میں رکن بلوچستان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علا¶الدین مری، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدرحاجی ایوب مریانی سمیت سرکاری حکام، سفارت کاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی،یہ تقریب بلوچستان کو بین الاقوامی سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے ایک اہم مرکز کے طور پر اجاگر کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔