قومی خبریں

سپیکر ،چیئرمین پی ٹی آئی کا مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم

اسلام آباد/لاہور:اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کمیٹی بنانے کا خیر مقدم کیا ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کو ملاقات کی دعوت بھی دیدی ہے،
دونوں کمیٹیوں کا پہلا اجلاس آج ( پیر) کے روز سپیکر چیمبر میں دن 11 بجے ہو گا۔سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ مسائل مذاکرات سے حل کرنے کیلئے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے، دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے بھی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کیا گیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم حکومت کی جانب سے کمیٹی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں،
یہ خوش آئند بات ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا، دونوں کمیٹیوںمیں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، پر امید ہیں کہ اب مذاکراتی عمل شروع ہونے جا رہا ہے۔