قومی خبریں

امریکہ کے اندر سے فلسطین کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال صورت حال کے تناظر میں ہماری کوشش ہے کہ مظلوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے ہم او آئی سی کے پلیٹ فارم کو موثر انداز میں استعمال کریں۔ فلسطین کے حوالے سے جاری سفارتی کاوشوں سے متعلق اہم بیان دیتے ہوے انہوں نے کہا پاکستان کی خواہش اور کوشش ہے کہ اس مسئلے پر امہ یکجا ہو۔ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے ہم جتنی موثر آواز اٹھا سکتے تھے ہم نے اٹھائی ۔ انہوں نے کہا کہ اب میں ترک اور فلسطین کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک روانہ ہو رہا ہوں ۔ سوڈانی وزیر خارجہ بھی ہمارے ساتھ نیویارک روانہ ہوں گی۔ انشائ اللہ ہم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔ جب سے فلسطین کی صورتحال بگڑنا شروع ہوئی ہم نے یورپی ممالک میں مقیم 60 ملین مسلمانوں سے گذارش کی کہ وہ اپنی اپنی حکومتوں پر دباو¿ ڈالیں۔ آج بیشتر یورپی ممالک کے دارالحکومتوں میں بڑے بڑے مظاہرے ہو رہے ہیں ۔ کہ لندن میں دو لاکھ بیالیس ہزار سے زیادہ لوگوں نے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف پٹیشن پر دستخط کر دیئے ہیں تاکہ ایوان نمائندگان میں اس پر بحث ہو سکے ۔ یورپ کے باسیوں نے اپنی حکومتوں کی سوچ کو متاثر کیا ہے۔ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے بھی سیز فائر کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا سلامتی کونسل میں فلسطین کے معاملے پر یکجہتی کی کاوشوں کو امریکہ کی جانب سے ویٹو کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا امریکہ کے اندر سے فلسطین کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ فلسطین کی بگڑتی صورتحال پر منعقدہ او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے حوالے سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا کردار قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا سعودی عرب اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ، اردن اور مصر بھی سیز فائر کیلئے متحرک دکھائی دیتے ہیں ۔ مصر کے وزیر خارجہ سے میری بات بھی ہو چکی ہے اور دوبارہ بھی کروں گا۔ تشویش اس بات کی ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے باعث ایک انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔مصر وہ کوریڈور فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے، حسبِ ضرورت، فلسطین میں امدادی سامان کی ترسیل ممکن ہو سکتی ہے ۔ ہم نے کل نیویارک روانہ ہونا تھا لیکن فلسطین کے وزیر خارجہ، کے نہ پہنچ سکنے کے باعث ہمیں ایک دن کیلئے روانگی موخر کرنا پڑی ۔ جب تک رائے عامہ متحرک نہیں ہو گی یہ بدمست ہاتھی، آرام سے نہیں بیٹھے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے 21 مئی، بروز جمعہ، کو یوم یکجہتی ءفلسطین کے حوالے سے کال دی ہے میری پوری قوم سے گذارش ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اس کال پر باہر نکلے ۔ انہوں نے کہا فلسطینیوں پر جو قیامت ٹوٹ رہی ہے ان کی آواز کے ساتھ آواز ملائیے اور بھرپور اظہار یکجہتی کیجئے۔