وزیراعظم کا افغانستان میں کارروائی کیلئے امریکا کو اڈے دینے سے صاف انکار
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو افغانستان میں کارروائی کے لیے اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا۔ غےر ملکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا کہ افغانستان میں ایکشن کے لیے کسی کو بھی پاکستانی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکا کو افغانستان میں ایکشن کے لیے پاکستان میں اڈے دیں۔ گذشتہ دنوں پاکستانی اور غیرملکی میڈیا میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو زمینی و فضائی راستہ فراہم کرنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کی دفترخارجہ نے بھی تردید کی تھی۔ اس سے قبل سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں امریکی اڈوں کی خبر کو واضح الفاظ میں بے بنیاد کہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے امریکی اڈا پاکستان میں نہیں بنے گا