حکومت کرپٹ لوگوں کو این آراودے گی نہ ہی ان سے کوئی بات کرے گی
میانوالی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کرپٹ لوگوں کو این آراودے گی نہ ہی ان سے کوئی بات کرے گی، جو قوم بڑے ڈاکوؤں سے ڈیل کرتی ہے وہ تباہ ہوجاتی ہے، پاکستان میں مختلف نظریات کے حامل تمام لوگوں سے بات کرنے تیار ہیں، پاکستان کبھی کسی غلامی نہیں کرے گا۔ انہوں نے میانوالی میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی کے کارکنوں کا خاص طور پر مشکورہوں، اگر آج میں وزیراعظم ہوں تومیانوالی کے کارکنوں کی وجہ سے ہوں، حکومت کے 5 سال پورے ہونے کے بعد میانوالی کی ترقی نظر آئے گی، جب میرے ساتھ کوئی تھا تو میانوالی کے کارکنو ں نے ساتھ دیا، پاکستان کے قبائلی علاقے پیچھے رہ گئے، قبائلی علاقوں کے لیے ماضی میں کچھ نہیں کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے کام کریں گے، میانوالی میں نمل یونیورسٹی اقتدار کے بعد نہیں پہلے سے بن رہی ہے، نمل یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے میں پیسے اکھٹے کیے، میانوالی کے لوگوں کی خدمت کرکے حسان کابدلہ چکاؤں گا، میانوالی میں 5 سال کے دوران ریکارڈ ترقی ہوگی، مہنگائی کی وجہ کورونا سے دنیا بھر کے ممالک کا متاثر ہونا ہے، اللہ کا شکر ہے پاکستان اب بھی سستا ملک ہے، دنیا میں فوڈ سپلائی چین کورونا سے متاثر ہوئی اور مہنگائی ہوگئی۔مہنگائی کی وجہ سے بنیادی اشیا خورونوش کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ 20 لاکھ کمزور خاندانوں کے لیے بلاسود قرضے دے رہے ہیں، اپنا گھر بنانے کےلیے27لاکھ روپے بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، ہر خاندان کے پاس صحت کارڈ ہوگا جو10لاکھ روپے تک علاج کی سہولت دے گا۔ عمران خان نے کہا کہ پہلی بار بڑی رقم نوجوانوں کی تعلیم اوراسکالرشپس پر خرچ ہورہی ہے، حکومت 62 لاکھ لوگوں کو اسکالرشپس دے گی، میں نے وعدہ کیا تھا پاکستان کبھی کسی غلامی نہیں کرے گا، ہم آزاد ہوکر بھی آزاد فیصلے نہیں کرسکتے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں مختلف نظریات کے حامل تمام لوگوں سے بات کرنے کو تیار ہیں، بلوچستان کے ناراض لوگوں سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن کرپشن میں ملوث اورعوام کا پیسہ باہر لے جانے والوں سے ہرگز بات نہیں ہوگی، جب چوری کو گناہ نہیں سمجھا جائے گا وہ معاشرہ ترقی نہیں کرسکےگا، رسولﷺ نے فرمایا تھا میری بیٹی بھی چوری کرے گی تو سزا ملے گی، جو قوم بڑے ڈاکوؤں سے ڈیل کرتی ہے وہ تباہ ہوجاتی ہے۔