قومی خبریں

وزیر اعظم سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ،بلوچستان کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وفاقی حکومت بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔دانش اسکول کا دائرہء کار بلوچستان تک بڑھایا جا رہا ہے ،بلوچستان کی باصلاحیت افرادی قوت کو یکساں ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کریں گے ۔بلوچستان کے معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ صوبہ ترقی کرے؛ اس حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ملاقات میں کیا ۔ملاقات میں صوبہئ بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ وزیراعظم نے صوبہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) جعفر خان مندوخیل بھی موجود تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی ہے ،دونوں رہنماﺅں کے درمیان مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے یہاں وزیر اعظم ہاﺅس میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ،ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن وامان کی صورت حال اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وزیراعظم کو آگا ہ کیا،ملاقات میں بلوچستان کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اور کابینہ کے ناموں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا ، وزیر اعظم نے بلوچستان کی ترقی اور امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے متعدد اقدامات کو سراہا ۔