اولمپین ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اسٹیج ڈرامہ پیش
لاہور:اسٹیج ڈرامہ ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک نے اولمپین ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اسٹیج ڈرامہ پیش کر دیا ۔ ڈاکٹر اجمل ملک نے بتایا کہ میں ارشد ندیم کی اس کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہتا تھا ، اس لئے بڑی سوچ بچار پیدا کی کہ ڈرامے میں اولمپین کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ دلچسپی بھی پیدا کی جائے ۔ سب کو معلوم ہے کہ ارشد ندیم کو بچپن میں ”اچھو “کہتے تھے اس لئے ڈرامے کا نام ”اچھو نیزے باز “ رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کھلاڑی یا شخصیات جو پاکستان کے لئے فخر کا باعث بنتے ہیں ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنا چاہیے ۔جس طرح عوام نے ارشد ندیم سے محبت کا اظہار کیا ہے میرے ڈرامے کو بھی اسی طرح رسپانس مل رہا ہے ۔ڈرامے میں اولمپین ارشد ندیم کا کردار اداکار ساقی خان نے بڑی خوبصورتی سے نبھایا ہے ۔