ملک بھر میں پرائمری سے آٹھویں تک کے سکول عید الفطر تک بند کرنے کا فیصلہ
لاہور: این سی او سی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی بین الصوبائی وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت کانفرنس میں ملک بھر میں کلاس پہلی سے کلاس آٹھویں تک کے سکولوں کو عیدالفطر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ان سکولوں کو عیدالفطر تک بند رکھنے کی تجویز پیش کی گئی۔ لیکن صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مرادراس نے اس تجویز کی مخالفت کی۔ لیکن بعدازاں اتفاق رائے سے کلاس پہلی سے کلاس آٹھویں تک کے سکولوں کو 28 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور 28 اپریل کو این سی او سی کے زیر اہتمام بین الصوبائی وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت کانفرنس بلا کر سکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت آنے کے باعث این سی او سی کانفرنس نے یہ فیصلہ کیا ہے جبکہ کانفرنس میں یہ بھی طے پا گیا ہے کہ سکول کھلنے کے بعد سکولوں اور تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام امتحانات ہر صورت لئے جائیں گے۔ کسی بچے کو بغیر امتحانات کے پاس نہیں کیا جائے گا جبکہ کلاس نویں سے کلاس بارہویں تک سکولوں کے بچوں کو 50 فیصد حاضری فارمولے کے تحت سکولوں میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے