قومی خبریں

اشتہارات کی BPPRA پر منتقلی میڈیا دوست اقدام تصور نہیں ہوگا،ایکشن کمیٹی

کوئٹہ :ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ 73 ویں روز بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری رہا۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات و جرائد کے نمائندگان موجود رہے۔

علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ زمینی حقائق کے برعکس پالیسیاں تشکیل دیکر صوبے کی واحد صنعت کو ختم کرکے نام نہاد اجارہ دار طبقات کو پرنٹ میڈیا پر مسلط کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

علامتی احتجاجی شرکاءکا کہنا تھا کہ اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے سے صنعت کی بقاءکو خطرات لاحق ہیں ایسے اقدامات کو کسی صورت میڈیا دوست پالیسیاں نہیں کہا جاسکتا۔بلوچستان جیسے صوبے جہاں حل طلب مسائل کے انبار لگے ہیں وہاں کے تعلیم یافتہ طبقے کو بھی بیروزگار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کو بھی دیگر صوبوں کی طرح ترجیح دی جائے۔وزیراعلیٰ بلوچستان صوبائی پرنٹ میڈیا انڈسٹری کی سرپرستی کرتے ہوئے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کے ڈرافٹ کو مسترد کریں۔