تجارتی خبریں

متحدہ عرب امارات کا انسان دوست اقدام: بلوچستان میں 3.6 ٹن کھجوروں کی تقسیم

کوئٹہ :متحدہ عرب امارات نے ماہِ رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر ایک اور انسان دوست اقدام کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان کے مستحق خاندانوں کے لیے 3.6 ٹن کھجوریں بطور امداد فراہم کیں۔

یہ اقدام پاکستان اور امارات کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات اور باہمی یکجہتی کا عملی اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔اماراتی سفیر سالم محمد الزعبی نے یہ امدادی کھیپ وفاقی وزیر جام کمال کے حوالے کی۔ ترجمان اماراتی سفارتخانہ کے مطابق سفیر کی جانب سے پیش کی جانے والی کھجوریں بلوچستان کے عوام، خصوصاً ضرورت مند طبقات، کے لیے مختص کی گئی تھیں تاکہ ماہِ رمضان میں ان کی معاونت یقینی بنائی جا سکے۔

یہ امداد جام محمد فاو¿نڈیشن کے ذریعے صوبے کے مختلف علاقوں میں مستحق خاندانوں تک پہنچائی گئی۔ بالخصوص ضلع لسبیلہ میں تقسیمِ امداد کی تقریب منعقد ہوئی جہاں مقامی برادریوں نے امارات کے اس فراخدلانہ اقدام کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات رمضان المبارک کے دوران ضرورت مند طبقات کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

بلوچستان کی مقامی قیادت اور عوام نے اماراتی قیادت اور عوام کی جانب سے فراہم کردہ اس امداد پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری، ہمدردی اور بھائی چارے کے جذبے کا مظہر قرار دیا۔یہ اقدام نہ صرف انسانی ہمدردی کی روشن مثال ہے بلکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی مزید مضبوطی کا بھی عکاس ہے۔