پاکستان اور سعودی فٹبال حکام کی اہم ملاقات‘خواتین فٹبال، یوتھ ڈویلپمنٹ اور تکنیکی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد : پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی کی قیادت میں پی ایف ایف وفد کی سعودی عربین فٹبال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحال سے ہونیوالی اہم ملاقات میں خواتین فٹبال، یوتھ ڈویلپمنٹ اور تکنیکی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ 76ویں فیفا کانگریس کے موقع پرہونیوالی ملاقات میں محسن گیلانی کے ہمراہ پی ایف ایف کے نائب صدر حافظ ذکاءاللہ اور چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر شریک ہوئے جس میں دونوں ممالک اور ان کی فٹبال فیڈریشنز کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا دونوں جانب سے فیفا ورلڈ کپ کے بعد ریاض میں تفصیلی فالو اپ اجلاس پر اتفاق کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔ملاقات میں خواتین فٹبال، نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی اور سعودی کوچز کی پاکستانی یوتھ ٹیموں کے ساتھ ممکنہ شمولیت پر بھی گفتگو ہوئی، جس سے پاکستان میں فٹبال کے ترقیاتی ڈھانچے کو عالمی معیار کی تکنیکی مہارت میسر آ سکے گی۔دونوں فیڈریشنز نے کھیل کے ہر شعبے اور ہر سطح پر ایک دوسرے کے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا، جو پاکستان اور سعودی عرب کے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔