قومی خبریں

وفاق اور صوبائی حکومت کا معاہدہ،بلوچستان کے تمام زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کا تاریخی اجرائ

کوئٹہ:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے تمام زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کا تاریخی اجراءکردیا ہے اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کے تقریباً 28 ہزار بجلی پر چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گی‘55 ارب روپے کے اس منصوبے کا 70 فیصد وفاقی جبکہ 30 فیصد بلوچستان حکومت ادا کرے گی۔وزیرِ اعظم نے ایک روزہ دورے کے دوران کوئٹہ میں بلوچستان کی کابینہ سے ملاقات کی جس میں وفاقی وزرائ، گورنر و وزیر اعلی بلوچستان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت کے مابین زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلی بلوچستان کو زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کے منصوبے کو تین ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا اورکہا کہ زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے کسان خوشحال ہوگا اور قابل کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا‘زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے کسانوں کو پورا دن پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہر سال بجلی کے بِلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سبسڈی کی مد میں 70سے 80 ارب روپے مہیا کرتی رہی مگر پھر بھی کسانوں کو صرف 2 سے 6 گھنٹے بجلی میسر ہوتی تھی‘زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن سے یہ دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں شمسی توانائی سے کم لاگت ماحول دوست بجلی بنائی جا رہی ہے‘ملک بھر میں شمسی توانائی سے بجلی کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں‘وفاق بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے صوبائی حکومت کیساتھ مل کر کام کریگا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چین میں سرکاری وظائف پر زرعی شعبے کی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے بھیجے جانے والے طلباءمیں بلوچستان کے 10 فیصد زائد طلباءکا کوٹہ رکھا ہے۔چین میں ہواوے کے تحت تین لاکھ پاکستانی نوجوانوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں تربیت میں بھی بلوچستان کے طلباءکیلئے 10 فیصد اضافی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے نوجوان اعلی تعلیم یافتہ ہوں گے تو وہ صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرینگے۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل مل بیٹھ کر کرینگے‘ صوبائی حکومت کو تمام مسائل حل کرنے کا یقین دلاتا ہوں‘ بلوچستان محرومیوں کو دور کرکے اسکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی زمہ داری ہے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بلوچستان کیلئے وفاقی حکومت نے دانش سکولوں کے قیام کے لیے حالیہ بجٹ میں فنڈز مختص کر دیئے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ دانش سکولوں کو صوبے کی ڈویژنل سطح تک وسعت دی جائے تاکہ اس سے پورے صوبے کے طلباءمستفید ہوں۔امید ہے کہ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں پوری صوبائی کابینہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں مزید کردار ادا کرینگے۔بلوچستان کی صوبائی کابینہ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو صوبے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی خوشحالی اور یہاں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔