قومی خبریں

عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے‘آرمی چیف

وانا :آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص کے پی پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مستقل اور تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی، انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے پاک فوج کے عزم پر زور دیا۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف کو سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، اور ترقیاتی اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے دورے کے دوران افسران اور جوانوں سے بات چیت بھی کی، آرمی چیف نے جوانوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ سطح کی تیاری اور غیر معمولی حوصلے کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیااور لائن آف ڈیوٹی پر قربانیاں دینے والے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے بالخصوص کے پی پولیس کو ان کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مستقل اور تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی۔آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ پلان کے تحت امن برقرار رکھنے اور مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں خیبرپختونخوا کے عوام کے اہم کردار کی بھی تعریف کی۔آرمی چیف نے خیبرپختونخوا کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے پاک فوج کے عزم پر زور دیاآرمی چیف نے خیبر پختون خوا میں ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج کی طرف سے ہر ممکن وسائل کی فراہمی کو بھی اجاگر کیا۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت پر قبائلی عمائدین سے بھی اظہار تشکر کیا ۔وانا آمد پر چیف آف آرمی سٹاف نے یادگار شہداءپر پھول رکھے۔ وانا آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف اف ارمی سٹاف کا استقبال کیا۔