قومی خبریں

بلوچستان سے باہر گندم کی غیر مجاز نقل و حمل پر 2 ماہ کیلئے پابندی

محکمہ داخلہ بلوچستان کی غیر قانونی گندم ضبط کر کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت
کوئٹہ:بلوچستان سے باہر گندم کی غیر مجاز نقل و حمل پر 2ماہ کےلئے پابندی عائد کر دی گئی۔صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق گندم کی غیر مجاز نقل و حمل اور ذخیرہ اندوزی روکنے کےلئے دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے، مقررہ حد سے زائد گندم ذخیرہ کرنے، چھپانے یا غیر قانونی اسٹاک رکھنا جرم ہو گا۔محکمہ داخلہ نے کہاکہ یہ اقدام گندم کی دستیابی، خریداری اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کےلئے کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنرز کو سرحدی راستوں پر مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کو مشتبہ گوداموں کی تلاشی اور ٹرانسپورٹ دستاویزات کی جانچ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ بلوچستان نے غیر قانونی گندم ضبط کر کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔