قومی خبریں

پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن،سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کا72واں یوم پیدائش 21جون ہفتے کو منایا جائے گا

جہانیاں:پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن،سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کا72واں یوم پیدائش 21جون ہفتے کو منایا جائے گااس سلسلے میںجہانیاں سمیت ملک بھرمیں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام سالگرہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو 21جون 1953ءکو کراچی میں پیدا ہوئیں۔انہوں نے 15برس کی عمر میںاو لیول کیا۔جون1973ءمیں انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں گریجویشن کی1976ءمیں انہوں نے سیاست،فلسفہ اور معاشیات میں گریجویشن کی ۔محترمہ بے نظیر بھٹو کی شادی18دسمبر1987ءکو کراچی میں آصف علی زرداری کے ساتھ ہوئی

۔سال1988 ءکے انتخابات میںقومی اسمبلی کی 207نشستوں میں سے94پر کامیابی حاصل کرکے ایم کیو ایم اور فاٹا کے ارکان کے ساتھ مل کر 2دسمبر1988ءکو اپنی حکومت قائم کی۔محترمہ بے نظیر بھٹو35برس کی عمر میںایک اسلامی مملکت کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں۔

6اگست1990ءکو اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی حکومت کو بدطرف کر دیا ۔اکتوبر 1993ءمیں86نشستیں حاصل کرکے محترمہ بے نظیر بھٹو ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔نومبر1996ءمیں صدر فاروق احمد لغاری نے کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے محترمہ بے نظیر بھٹو کی حکومت کو بدطرف کر دیا۔محترمہ بے نظیر بھٹونے1996ءمیںبیرون ملک جا کر جلا وطنی اختیار کر لی وہ ساڑھے آٹھ سال کی جلا وطنی کے بعد 18اکتوبر کو وطن واپس آئیں کراچی میں ان کے استقبالی جلوس میں خود کش بم دھماکے ہوئے جس میں150کے قریب کارکن جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔
محترمہ بے نظیر بھٹو سیاسی سفر کے دوران27دسمبر2007ءکو لیاقت باغ میں شہید کر دی گئیں۔