قومی خبریں

گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنا ہوگا‘بلاول بھٹو زرداری

کراچی :پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنا ہوگا‘جہاں سچ قدغنوں سے محفوظ ہوتا ہے وہ معاشرے فروغ پاتے ہیں اور جہاں اسے دبایا جاتا ہے وہاں امید ماند پڑنے لگتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزادیِ صحافت کے عالمی دن پر صحافیوں اور میڈیا پرسنز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اور میڈیا کارکنان قومی تاریخ میں سچ اور جمہوریت کے ثابت قدم نگہبان کا کردار ادا کرتے رہے ہیں‘ آزادیِ صحافت جمہوریت کے لیے ناگزیر اور امن، معاشی بحالی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی بنیاد بھی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہاں سچ قدغنوں سے محفوظ ہوتا ہے وہ معاشرے فروغ پاتے ہیں اور جہاں اسے دبایا جاتا ہے وہاں امید ماند پڑنے لگتی ہے۔ صحافی، میڈیا ادارے اور ریاستی ادارے معلومات کی ساکھ کے تحفظ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ڈیجیٹل دور میں فیک نیوز عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہیں اور جمہوری مکالمے کو مسخ کر دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافت کی آزادی کو سچ، درستگی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سے جڑا رہنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت طویل عرصے سے تعصب پر مبنی منفی پروپیگنڈے اور میڈیا ٹرائلز کا سامنا کرتی رہی ہے۔پی پی پی قیادت کے خلاف میڈیا ٹرائیلز کا مقصد عوام کے ساتھ اس کے مضبوط تعلق کو کمزور کرنا تھا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ پی پی پی قیادت کے خلاف میڈیا ٹرائیلز اور منفی پروپیگنڈہ جیسے تمام حربے ہمیشہ ناکام رہے۔میڈیا ٹرائیلز اور منفی پروپیگنڈہ کے باوجود پیپلز پارٹی صحافت اور اظہارِ رائے کی آزادی کی غیر متزلزل حامی رہے گی۔ فیک نیوز کا مقابلہ دبا¶ سے نہیں بلکہ شفافیت، ذمہ دار صحافت اور سچ کی مضبوط روایات سے کیا جا سکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئیے آج ہم ان لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں جو سچ کے لیے اپنی آواز کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔آئیے آج اس عزم کی تجدید کریں کہ ہم ایسا معاشرہ تعمیر کریں گے جہاں حقائق سے خوفزدہ نہ ہوا جائے۔ آئیے تجدید عہد کریں کہ ایسا معاشرہ تشکیل دیں گے جہاں آزاد صحافت ایک زیادہ منصفانہ، باخبر اور پُرامن مستقبل کی راہ روشن کرے۔