بین الاقوامی خبریں

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا آغاز، ٹرمپ نے خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل کردی

تہران/تل ابیب/واشنگٹن :ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا آغاز ہوگیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل اور ایران نے جنگ بندی کا آغاز کردیا ہے،

پاکستان وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدر آ مد شروع کیا گیا، اس حوالے سے ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ’دشمن پر جنگ بندی نافذ کر دی گئی ہے، جنگ بندی امریکی جارحیت کے جواب میں فوجی ردعمل کے بعد کی گئی، امریکی جارحیت کے جواب میں کامیاب میزائل آپریشن کے بعد جنگ بندی کی، پاسداران انقلاب کے کامیاب میزائل آپریشن اور سرزمین کے دفاع میں شہریوں کی مثالی ثابت قدمی اور اتحاد کے باعث دشمن پر جنگ بندی نافذ کی گئی ہے۔

امریکی نشیریاتی ادارے سی این این نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کا نفاذ ہوچکا ہے، جس کے بعد اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی کھول دی ہے تاہم دونوں ممالک کی جانب سے ابھی تک سرکاری سطح پر جنگ بندی کے نفاذ کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا، سرکاری طور پر جنگ بندی کی تفصیلات سے تاحال آگاہ نہیں کیا گیا اور جنگ بندی کے وقت سے متعلق بھی کوئی سرکاری مو¿قف سامنے نہیں آیا۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’جنگ بندی کا آ غاز ہوگیا ہے برائے مہربانی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں‘، یاد رہے قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہی ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان مکمل اور حتمی جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے تحت ابتدائی طور پر ایران اپنے فوجی آپریشنز کو روکے گا، اسرائیل بارہ گھنٹے بعد باضابطہ طور پر کارروائیاں بند کرے گا، 24 گھنٹے مکمل ہونے پر اس تاریخی جنگ بندی کو بین الاقوامی سطح پر 12 روزہ جنگ کے اختتام کے طور پر تسلیم کیا جائے گا، دونوں فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ اس عبوری مدت میں پرامن اور باعزت رویہ اختیار کریں تاکہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے بچا جا سکے۔

انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ یہ ایک ایسی جنگ تھی جو برسوں تک چل سکتی تھی جو مشرقِ وسطیٰ کو مکمل تباہی کی طرف دھکیل دیتی مگر ایسا نہیں ہوا اور نہ ہی اب ہوگا، دونوں ممالک کی قیادت کو ہمت، استقامت اور دانشمندی پر مبارکباد دیتا ہوں، دنیا ایک بڑے سانحے سے بچ گئی ہے، خدا ایران، اسرائیل، مشرقِ وسطیٰ، امریکہ اور پوری دنیا پر رحم کرے۔