قر آن پاک کی بیحرمتی ؛ عراق میں مظاہرین کا سوئیڈش سفارتخانے پردھاوا، آگ لگا دی
بغداد،سٹاک ہوم:عراق میں قر آن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج میں مظاہرین نے سوئیڈش سفارت خانے کو آگ لگا دی۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق بغداد میں مظاہرین نے سوئیڈش سفارتخانے پر دھاوا بول دیا۔ دیواریں پھلانگ کر سفارت خانے کے اندر پہنچ گئے۔ مظاہرین نے توڑ پھوڑ کرنے کے بعد سوئیڈن کے سفارتخانے کو آگ لگا دی۔ادھر سوئیڈن کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں سفارتخانے کا عملہ محفوظ ہے۔سوئیڈن کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سفارتی مشنز اور عملے کے تحفظ کی ذمے داری عراقی حکام کی ہے۔سوئیڈش وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ سفارتخانوں اور ڈپلومیٹس پر حملے ویانا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔اس حوالے سے سوئیڈن کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتخانے پر دھاوا مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے، ۔دوسری جانب بغداد میں پیش آئے واقعے پر عراق کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔عراق کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات اور ملوث افراد کی شناخت کا حکم دے دیا ہے۔