قومی خبریں

عوام آئندہ الیکشن میں صحیح فیصلہ کرینگے تو پاکستان ترقی کرے گا،احسن

نارووال:وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے آج ہم نے پاکستان کو دوبارہ اس کے مقام پر کھڑا کر دیا ہے،روپیہ مستحکم ہورہا ہے، اسٹاک ایکسچینج بہتر ہو رہی ہے، پاکستان کی معیشت مضبوط ہو رہی ہے،چشمہ نیو کلئیر پلانٹ پر ساڑھے تین ارب روپے کی چین سرمایہ کاری کر رہا ہے، آنے والے ہفتوں میں اربوں ڈالر آئیں گے ،آج پاکستان کو سری لنکا بننے پر کوئی شرط نہیں لگا رہا ،عوام آئندہ عام انتخابات میں صحیح فیصلہ کریں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو ای ٹی میں نثار فاطمہ آڈیٹوریم جامع مسجد اور انوویشن سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی نارووال دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی صف میں شامل ہو رہی ہے ،اس یونیورسٹی سے طلبا انجنیئرنگ کر کےمقاصد حاصل کریں گے،انہوں نے کہا کہ 2009 میں انجنیئرنگ یونیورسٹی کے کیمپس کا خواب دیکھا جو آج پورا ہو گیا ،انجنیئرنگ یونیورسٹی مقناطیس ہے یہاں انڈسٹری بھی لگے گی آپ نے ایک انجینئر کو منتخب کیا اس نے انجینئرنگ یونیورسٹی بنادی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اس یونیورسٹی کو لوگ دور دور سے دیکھنے آئیں گے جو سہولت آچکی ہے اس کے نتیجہ میں انجینئرنگ ریسرچ اور انڈسٹری بن کر ابھرے گی ،انوویشن سنٹر کے پاس ایک ارب روپے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اور دوسروں میں یہی فرق ہے وہ مرغی اور انڈے دے رہے تھے ہم لیپ ٹاپ دے رہے ہیں یہ فرق وڑن کا ہے، آج یہ نوجوان ڈیجیٹل دنیامیں اپنا مقام رکھتے ہیں جن سہولتوں کا افتتاح کر رہے ہیں ہمیں آنے والے وقت کے لئے صلاحیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا ٹیکنالوجی انڈسٹری میں تبدیل ہو رہی ہے اور ہمیں ایکسپورٹ میں ترقی کرنا ہوگی، طلباءانوویشن میں نام پیدا کریں۔