کھیل کی خبریں

دوسرا ٹی ٹونٹی،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے شکست دیدی

گیانا:4 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے ہرا کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی ۔ گیانا میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔شرجیل خان اور محمد رضوان نے ٹیم کو 46 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد شرجیل کی 20 گیندوں کی اننگز اختتام کو پہنچی۔رضوان کا ساتھ دینے کپتان بابراعظم آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم کی، رضوان 46 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابراعظم نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور میچ کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو قومی ٹیم رنز بنانے کا تسلسل برقرار نہ رکھ سکی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوا رہی۔کپتان بابراعظم 51 بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ صرف چھ رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔ جیسن ہولڈر نے پہلی گیند پر حسن علی کو آؤٹ کیا اور اگلی گیند پر صہیب مقصود کی جانب سے مارے گئے چھکے کو شیفرڈ نے ناقابل یقین کیچ میں تبدیل کرکے پاکستان کو 7واں نقصان پہنچایا۔ اننگز کی آخری گیند پر شاداب خان رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے میچ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور انجری کا شکار اعظم خان کی جگہ صہیب مقصود کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سیریز کا پہلا ٹی20 میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، شرجیل خان، فخر زمان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر پر مشتمل ہے ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کیرون پولارڈ (کپتان)، آندرے فلیچر، ایون لوئس، کرس گیل، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، ڈیوین براوو، ہیڈن واش، جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ شامل ہیں ۔