عوام کیلئے سہولت، نارمل پاسپورٹ اب 21دن کی بجائے 14دن میں جاری ہوگا،وزیرداخلہ
اسلام آباد:ملک بھر میں نارمل پاسپورٹ کا اجراء21دن سے کم کرکے 14دن کردیا گیاہے۔جمعرات کووزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اس دوران وزیرداخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجراءکے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہا کہ نارمل پاسپورٹ کا اجراء21دن سے کم کرکے اب 14دن کردیا گیا ہے، پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس سسٹم رائج ہوگا۔اس کے علاوہ پاسپورٹ کی گھروں کی دہلیز تک ڈیلیوری کے نظام کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے پاسپورٹ دفاتر میں 15روز تک مکمل کیش لیس نظام رائج کرنے کا ٹاسک دے دیا۔محسن نقوی نے کہاکہ کیش ادائیگی ختم ہونے سے ایجنٹ مافیا کاخاتمہ ہوگا اور شہریوں کو سہولت ملے گی، پاسپورٹ نظام کو بہتر بنانے اورعوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کاقیام انتہائی ضروری ہے۔وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق امور پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔