جنید صفدر کی دعوت ولیمہ،وزیراعظم، فیلڈ مارشل سمیت اہم شخصیات کی شرکت
لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوت ولیمہ کی تقریب جاتی امرا ءمیں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،دلہا اوردلہن کے اہل خانہ ،قریبی عزیز واقارب ، سیاسی ، مذہبی ، کاروباری شخصیات ، وفاقی و صوبائی وزراءاور غیر ملکی مہمانوںنے شرکت کی ۔
بتایا گیا ہے کہ دعوت ولیمہ کی تقریب میں 800 مہمانوں کو مدعو کیاگیا تھا ۔ دعوت ولیمہ کی تقریب میں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، کیپٹن (ر) صفدر اور دیگر اہل خانہ نے مہمانوںکا استقبال کیا ۔ دعوتِ ولیمہ کی تقریب کے موقع پر جاتی امرا ءکے باہر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ،جاتی امرا ءکے باہر ایک ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے الگ انتظام کیا گیا ۔سکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات رہی ۔
ولیمہ کی تقریب میں 50 رکنی آرکسٹرا نے مختلف موسیقی کے دھنوں سے حاضرین کو محظوظ کیا جس کی قیادت انٹرنیشنل میوزک ڈائریکٹر نجاد علی نے کی۔بتایا گیا ہے کہ جاز انسیمبل بینڈ نے ولیمے کے لیے 7 دن تک مسلسل ریہرسل کی۔دلہا جنید صفدر نے سفید شلوار کے ساتھ گرے رنگ کی شیروانی زیب تن کی تھی جبکہ دلہن شانزے علی پنک رنگ کے عروسی لباس میں جلوہ گر تھیں۔
مسلم لیگ (ن)کے رہنما عابد شیر علی نے تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جنید صفدر کو شادی کی دلی مبارکباد دی اور دعا کی کہ اللہ تعالی ان کی ازدواجی زندگی کو محبت، اعتماد اور خوشیوں سے بھر دے۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ نیا سفر دونوں خاندانوں کے لیے خیر، برکت اور کامیابی کا سبب بنے اور اللہ رب العزت اس رشتے کو ہمیشہ قائم رکھے۔