بین الاقوامی خبریں

کاملا ہیرس نے صدارتی نامزدگی کے لیے ڈیموکریٹس کے نمایاں ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر لی

واشنگٹن:امریکہ کی نائب صدر کاملا ہیرس نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے آئندہ انتخابات میں صدارتی نامزدگی کے لیے غیر سرکاری طور پر نمایاں ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر لی ہے. امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے 2200 سے زیادہ ڈیلیگیٹس نے کاملا ہیرس کو بطور صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی حمایت کی ہے ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے 1976 ڈیلیگیٹس درکار ہوتے ہیں جب کہ کاملا ہیرس درکار اکثریت سے کہیں زیادہ ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر چکی ہے تاہم حتمی فیصلہ 19 سے 22 اگست تک جاری رہنے والے پارٹی کے نیشنل کنونشن میں ہو گا.ڈیموکریٹک پارٹی کا نیشنل کنونشن آئندہ ماہ ہو گا جس میں اس امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا جسے پانچ نومبر کو صدارتی انتخاب میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنا ہے صدر جو بائیڈن کی جانب سے صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار ہونے کے اعلان کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی حتمی امیدواروں کے نام فائنل کرنے کی تیاری کر رہی ہے صدر بائیڈن نے صدارتی امیدوار کے لیے نائب صدر کاملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا تھا.