کشمیر پاکستان کی شہ رگ ،پانی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،نے اساتذہ کو قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج جو کچھ ہو والدین، اساتذہ کی بدولت ہوں،
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،پانی ریڈ لائن ہے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی بدولت ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی کہانی اپنی آئندہ نسلوں تک پہنچائیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب قوم ایک آہنی دیوار کی مانند متحد ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر کوئی بھی سودا ممکن نہیں۔ پاکستان کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھولے گا اور نہ ہی ہندوستان کی اجارہ داری کو تسلیم کرے گا۔ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور 24کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی، لیکن اب یہ ممکن نہیں رہا۔ دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی جڑ اقلیتوں خصوصا مسلمانوں پر ظلم اور تعصب میں ہے، جبکہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔
بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں کے دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں اور ان کا بلوچ عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو ایک ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جہاں تمام ادارے آئین و قانون کے مطابق بغیر کسی سیاسی دباﺅ ذاتی مفاد یا مالی فائدے کے، صرف عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔انہوں نے ریاست کے خلاف بیانیہ بنانے والوں کی سختی سے نفی کرنے پر زور دیا اور کہا کہ یہ محفوظ دھرتی ہماری افواج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ شرکا نے سوال و جواب کے سیشن میں واضح کیا کہ انہیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور وہ ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔