معرکہ حق کوایک سال مکمل ہونے پر خیبر پختونخواکے عوام کاپاک فوج کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار
پشاور:معرکہ حق کوایک سال مکمل ہونے پر خیبر پختونخواکے عوام نے پاک فوج کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے7مئی کوبزدلانہ حملہ کیاتوسرحدوں پرالرٹ پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیئے،افواج پاکستان کی جانب سے منہ توڑجواب کے بعدبھارت اب دوبارہ ایسی ہمت کرنے سے پہلے دس بارسوچے گا۔شہریوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی معرکہ حق کے دوران اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے،بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تواسے پھرسے عبرتناک شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیاجس کاپاکستان نے دن کے اجالے میں باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے جواب دیا، پاک فوج پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال پھینکنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔شہریوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے رافیل طیارے سمیت 6جنگی طیارے گرا کراس کے غرورکوخاک میں ملا دیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخواکے شہریوں نے پاک فوج کیساتھ کھڑے ہونے اورملک کے دفاع کی خاطرہرقسم کی قربانی دینے کے عزم کابھی اظہارکیا۔