قومی خبریں

ریاست کے مفاد کا تحفظ ہم سب کے لئے مقدم اور پہلی ترجیح ہونا چاہئے،فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ریاست کے مفاد کا تحفظ ہم سب کے لئے مقدم اور پہلی ترجیح ہونا چاہئے،حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات نے کراچی، لاہور اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداران سے ورچوئل اجلاس کے دور ان کیا ۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل انجم، سیکریٹری انور رضا، لاہور اور کراچی پریس کلبوں کے صدور ارشد انصاری اور فاضل جمیلی شریک ہوئے۔اجلاس میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سہیل علی خان، کراچی، لاہور پی آئی ڈی ریجنل آفسز کے متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صحافیوں کو وزیراعظم کے نیا پاکستان ہاﺅ سنگ منصوبے میں شریک کرنے کے لئے طریقہ کار، جرنلسٹس پروٹیکشن بل اور پریس کلبوں کے مسائل زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا اس موقع پر کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چوہدری فواد حسین کا کہناتھاکہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری، صحافیوں کی سلامتی، ان کے حقوق کے تحفظ اور بہبود کے لئے بہت بڑی پیشرفت ہے۔اس بل کے تحت صحافیوں سے خبر کے ذرائع نہیں پوچھے جا سکتے، صحافیوں کی سیفٹی ان کے متعلقہ اداروں پر لازمی قرار دے دی گئی ہے۔میڈیا ہاﺅ سز کو کنفلکٹ زونز میں کوریج کے لئے بھیجے جانے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو حفاظتی سازوسامان مہیائ کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا میڈیا کے واجبات کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں، 15 دنوں میں 34 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔15 کروڑ روپے کے مزید چیک عید کے فوری بعد جاری کئے جائیں گے۔میرے سمیت وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب پریس کلبوں اور نمائندہ صحافتی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا صحافیوں کے لئے ہاﺅ سنگ کی سہولیات لانا چاہتے ہیں، پریس کلبز اس ضمن میں طریقہ کار اور معیار مرتب کریں۔صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ منسلک کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ انہیں آسان قرضوں کی سہولیات مل سکیں۔ریاست کے مفاد کا تحفظ ہم سب کے لئے مقدم اور پہلی ترجیح ہونا چاہئے۔اس موقع پر فرخ حبیب کا کہناتھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحافیوں کی بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے۔عید کے فوری بعد پریس کلبوں کے دوروں کا آغاز کروں گا۔ ورچوئل اجلاس میں لاہور، کراچی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداران نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔عہدیداران پریس کلبز کا کہناتھا اس اہم قانون سازی کے عمل کی تکمیل میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ورچوئل اجلاس میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، مسائل کے حل کے لئے اس قسم کے اجلاس کارگر اور موثر ثابت ہوتے ہیں۔پریس کلبز کے عہدیداران نے کورونا وبائ سے متاثرہ اور جاں بحق ہونے والوں کی امداد اور دیگر مسائل کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کورونا وبائ سے متاثرہ اور جاں بحق ہونے والوں کے ورثائ کی امداد کو فوری یقینی بنانے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات کیں۔