نواز شریف کو مائنس کرنے والے آج خود مائنس ہو گئے‘ مریم نواز
لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مائنس کہنے والے آج خود مائنس ہو گئے، علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کے مائنس ہونے کا اعتراف کر لیا، پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دینا اور کوئی ٹیکس نہ لگانا معجزہ ہے، اپوزیشن کا شکریہ جنہوں نے ہمیں یہاں تک پہنچایا، میں نے عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کیا،
کسی قسم کی تفریق ہماری سوچ نہیں ہو سکتی، میرا مقابلہ اپنی ہی قیادت کی پرفارمنس سے تھا، اپوزیشن بھی جانتی ہے نواز شریف کی بیٹی جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا، تاریخ کی سب سے بڑی اسپینڈنگ کرنی ہے، پھر اس کے بعد کوئی ٹیکس نہ لگانا معجزہ ہے۔میں پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتی ہوں جس نے نہ صرف بجٹ پیش کیا بلکہ کثرت رائے سے منظور کرایا، پنجاب کا 30سال کا ڈومیسٹک قرضہ آج ڈیڑھ سال میں اللہ کے فضل سے صفر ہو چکا ہے اور مسلسل دوسرے سال ٹیکس فری بجٹ دینے کے باوجود پنجاب کا ان سورس ریونیو 50فیصد بڑھا ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ بجائے ٹیکس میں اضافہ کرنے کے ٹیکس نیٹ بڑھایا ہے، مائنز اینڈ مںنرلز کے شعبے میں میں 30 ارب روپے کی بچت کی ہے، مائنز اینڈ منرلز میں انقلابی کام کرنے پر وزیر شیر علی گورچانی اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف)کی کنڈیشن کے ساتھ ہم نے بچت کی اور آئی ایم ایف کا سرپلس ٹارگٹ پورا کیا، یہ آسان کام نہیں تھا، بہترین مالی مینجمنٹ کی وجہ سے ہم اس میں کامیاب ہوئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلے سال کی طرح ہم نے صرف منصوبوں کا اعلان نہیں کیا بلکہ سب سے بڑا ترقیاتی فنڈ رکھا اور اس میں ایک ہزار 13ارب عوام پر خرچ ہوچکا ہے، میں نے پہلی تقریر میں کہا تھا میرا مقابلہ کسی اور سے نہیں اپنی کی جماعت کے جائینٹس سے ہے جن کا نام نواز شریف اور شہباز شریف ہے۔انہوں نے کہا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کے تعاون کے بغیر میں یہ کامیابی حاصل نہیں کر سکتی تھی،
اپنے اراکین اسمبلی کے صبر اور ان کی بردباری کو سیلوٹ پیش کرتی ہوں، اس سے پہلے ہائیسٹ یوٹیلائزیشن 585بلین تھی۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے سال جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے اور آج میں اپنے آپ کو آپ کے سامنے اور اس پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ ہوںے کے لیے حاضر ہوں، میں نے بغیر کسی تفریق کے کام کیا، میرے ہر منصوبے میں پنجاب کے ہر علاقے کے شہری کا وہی حصہ ہے جو لاہور کے باسیوں کا حصہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بھکر، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان اور رحیم یار خان سب شامل ہیں، جس طرح لاہور والے شامل ہیں، جو بڑے شہروں کو ملا وہی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو ملا ہے، کسی بھی طرح کی تفریق مریم ںواز نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ یہاں جنوبی پنجاب کے نام پر کتنی حکومتیں بنائی اور گرائی گئیں اور جنوبی پنجاب کے ساتھ جھوٹے وعدے کیے گیے اور ہر وعدہ جھوٹا نکلا پینے کے صاف پانی کا سب سے بڑا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔