تجارتی خبریں

نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں.96 4روپے فی یونٹ اضافہ کردیا

اسلام آباد:نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا)نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔اعلامیے کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے سے فی یونٹ بنیادی ٹیرف 29روپے 78پیسے ہوجائے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین سال 24-2023کیلئے کیا گیا ہے، اس سے پہلے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24روپے 82پیسے تھا۔نیپرا کے مطابق بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھنے کی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے، بجلی کی فروخت میں کمی اور کپسیٹی ادائیگیاں بنیادی ٹیرف میں اضافے کی وجوہات ہیں۔نیپرا نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ریونیو کا تخمینہ 3281ارب روپے متوقع ہے۔بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے متعلق نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔دوسری جانب حکومت کی جانب سے بینادی ٹیرف میں اضافے کے بعد بجلی کا ایک یونٹ اوسطا ًپچاس روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے۔اس وقت ملک بھر کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24روپے 82پیسے ہے۔ گزشتہ مالی سال بجلی کا بنیادی ٹیرف 16روپے 91پیسے سے بڑھا کر 24روپے 82پیسے کیا گیا تھا۔بنیادی ٹیرف سمیت اس وقت ملک میں بجلی کا ایک یونٹ اوسطاً تقریبا45 روپے کا ہے۔