اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا
لاہور : اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت جاری کر دی جبکہ صوبائی اور ضلعی حکومتوں سے بھی نرخ کنٹرول کرنے کے لیے رابطہ کر لیا گیا۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر قانونی اور غیر معمولی اضافے کا اوگرا نے نوٹس لے لیا ہے اور اس حوالے سے تمام ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایل پی جی کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے ضروری ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ترجمان کے مطابق تمام مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹربیوٹرز کو سلنڈرز کی فراہمی اور ایل پی جی کی قیمتوں کی تفصیلات واضح طور پر ترسیل کے وقت درج کی جائیں اور تمام آوٹ لیٹس پر بھی قیمتوں کا اندراج یقینی بنایا جائے۔ ترجمان عمران غزنوی کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے جبکہ اوگرا کی فیلڈ ٹیموں نے ملک کے مختلف حصوں میں معائنہ کا عمل شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا اوگرا ایل پی جی کے مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔