قومی خبریں

پی ڈی ایم کی بیٹھک سے صرف جلسہ، تقریر اور پریس کانفرنس برآمد ہوئی،فوا د چوہدری

اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی بیٹھک سے صرف جلسہ، تقریر اور پریس کانفرنس برآمد ہوئی،ایئر بیسز پر وزیر خارجہ موقف دے چکے ،افغانستان کے حوالے سے بریفنگ کے انتظامات جلد کیے جائینگے ، اپوزیشن انتخابی اصلاحات سے بھاگ رہی ہے ،پی ڈی ایم میں واضح تضاد ہے، ایک دھڑا جلسہ جلسہ کھیلنا چاہتا ہے، دوسرا پارلیمنٹ کے اندر بات چیت کے بیان دیتا ہے،اپوزیشن جلسے جلوسوں کی بجائے تعمیری اور مثبت سرگرمیوں پر توجہ دے،مولانا اپنی سیاسی محرومی کا بدلہ جمہوری نظام سے نہ لیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ افغانستان کے حوالے سے بریفنگ کے انتظامات جلد کیے جائیں گے جبکہ ایئر بیسیز کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دفتر خارجہ پہلے ہی اپنا تفصیلی موقف دے چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن جلسے جلوسوں کی بجائے تعمیری اور مثبت سرگرمیوں پر توجہ دے۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات سے بھاگنا ان کے موقف کے تضاد کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن حکومت کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بات بھی نہیں کرنا چاہتی اور انتخابی اصلاحات بھی چاہتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کنفیوز، مایوس اور منشتر ہے، ان کی سمت اور ارادے متحارب ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے باربار اپوزیشن کو دعوت دی کہ آئیں اور پارلیمان میں انتخابی اصلاحات پر بات کریں۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم میں واضح تضاد ہے، ایک دھڑا جلسہ جلسہ کھیلنا چاہتا ہے، دوسرا پارلیمنٹ کے اندر بات چیت کے بیان دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ مولانا اپنی سیاسی محرومی کا بدلہ جمہوری نظام سے نہ لیں۔انہوںنے کہاکہ شہبازشریف اور راگ گا رہے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن کچھ اور ساز بجا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کرنے والے دھاندلی زندہ نظام کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں،انکی بیٹھک سے صرف جلسہ، تقریر اور پریس کانفرنس برآمد ہوئی،بہتر ہے اپوزیشن آزاد جموں کشمیر میں ہونے والے انتخابات پر توجہ مرکوز کرے،پتہ چل جائے گا کون کہاں کھڑا ہے؟۔