صدر مملکت کی اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ جانے والے انسانی ہمدردی کے فلوٹیلا کو روکنے کی شدید مذمت
اسلام اباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے یونان کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ جانے والے انسانی ہمدردی کے فلوٹیلا کو روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غزہ میں پہلے سے جاری سنگین انسانی بحران کے تناظر میں ایک انتہائی تشویشناک پیش رفت قرار دیا ہے۔جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے تمام زیر حراست کارکنوں کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ انسانی امداد کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ قابل قبول نہیں ہونی چاہیے اور غزہ میں متاثرہ شہری آبادی تک امداد کی فوری ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔صدر مملکت نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی کو روکنے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسائی اور جہاز رانی کی آزادی کے اصولوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔