قومی خبریں

صدر مملکت کی ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز عطا کرنے کی ہدایت

اسلام آ باد :صدر مملکت آ صف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز عطا کرنے کی ہدایت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ عطا کریں گے ، صدر مملکت کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ عطا کرنے کیلئے کابینہ ڈویڑن کو خط ارسال کر دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ، ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کیلئے فخر کا باعث بنی، خط کے متن کے مطابق ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا، صدر مملکت ارشد ندیم کو سول ایوارڈ آ ئین کے آ رٹیکل 259 (2) کے تحت عطا کریں گے۔آئین کے تحت صدر مملکت مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے شہریوں کو اعزاز عطا کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے آ خری مرتبہ 8 اگست 1992ئ میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں آخری تمغہ حاصل کیا تھا جبکہ آ خری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984ءمیں حاصل ہوا تھا۔