وزیراعظم کا ملک میں خواتین سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اہم فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا مینار پاکستان پر خاتون سے دست درازی اور اس جیسے دیگر واقعات پر تشویش کا اظہار، خواتین سے دست درازی کے واقعات کی مکمل روک تھام کیلئے اہم فیصلہ لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان پر خاتون سے دست درازی اور اس جیسے دیگر واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ خواتین سے دست دارزی اور دیگر ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بڑی بحث کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس معاملے سب سے مشاورت کی جائے گی اور اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جا رہی جو حکومت کی رہنمائی کرے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ دانشور ، علما اور سول سوسائٹی حکومت کی رہنمائی کریں گے۔واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مبینہ طور پر زیادتی کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران دو لڑکیوں، خاتون ، بچے اور بچی سے زیادتی کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق تھانہ جوہر ٹاؤن کی حدود میں 16 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بھگت پورہ میں چار بچوں کی ماں سے مبینہ زیادتی کی گئی جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ادھر نواں کوٹ میں 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ شاہ دی کھوئی میں 10 سالہ بچے سے مبینہ بدفعلی کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔لاہور میں ہی ایک اور 17 سالہ لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کے علاقے پیرو دھائی میں مدرسے کی طالبہ سے مبینہ زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔متاثرہ طالبہ کی والدہ نے ایف آئی آر میں بتایا تھا کہ مدرسے سے فون آیا آپ کی بچی بے ہوش ہوگئی ہے اسے لے جائیں، جس کے بعد بچی نے گھر پہنچ کر بتایا کہ مدرسے کے استاد شاہنواز نے اس کے ساتھ زبردستی کی ہے۔بچی کی والدہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ بیٹی کے مطابق استاد نے متعدد بار اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمات کی میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔