قومی خبریں

پیارے مصطفی بھائی! پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں پیسے دے کرلیا ہے

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ے عوام کو بجلی کی قیمت میں ریلیف دینے کیلئے اپنے بجٹ سے پیسے ادا کیے ہیں، مجھے خوشی ہوگی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں۔ انہوں نے ایکس پر ایم کیوایم رہنما مصطفی کمال کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پیارے مصطفی بھائی، پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے لیے پیسے دے کر لیا ہے اور اس کے لیے پنجاب نے اپنے بجٹ سے 45 ارب ادا کیے ہیں۔مجھے خوشی ہو گی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں اور وہ بھی اپنے عوام کو یہ ریلف فراہم کریں، شکریہ یاد رہے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ کوئی پنجاب میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کردے اور ایم کیو ایم خاموش رہے یہ ممکن نہیں، صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ہم نوازشریف کو پورے ملک کا لیڈر سمجھتے ہیں لیکن انہوں نے صرف پنجاب کے عوام کیلئے ریلیف کا اعلان کیا۔امید ہے وزیرِ اعظم پورے ملک کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کریں گے، بجلی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں دیکھا گیا تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔ پاکستان میں بجلی ضرورت سے زیادہ ہے، ہم نے سڑک بند کر کے عوام کو تکلیف دینے کے بجائے حکومت کو حل بتایا، ایم کیو ایم کو اللہ نے اتنی قوت دی ہے کہ مسائل پر وزیرِ اعظم سے بات کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 1700 ارب روپے صرف نقصانات کو پورا کرنے کے لیے رکھے گئے، پاکستان میں اس وقت 45 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے صفریونٹ سے 500 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کے لئے اگست اور ستمبر کے بجلی کے بلوں میں فی یونٹ 14روپے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کے 1600 کے بل کو 18ہزار تک پہنچانے والے نا قابل معافی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ہمراہ نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرا سوال ہے مجھے اس لئے نکالا کہ غریبوں کا بل 1600روپے کیوں آتا تھا ، اس لئے نکالا کہ 104 والے ڈالر کر 250 روپے پر پہنچا دیا جائے، کیا ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں جنہوں نے ملک کو اس حالت تک پہنچایا، ان لوگوں نے بہت بڑا جرم کیا ہے ، ملک کے ساتھ زیادتی کی ہے ، مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں یہ عمران خان کے زمانے سے سارا کام شروع ہوا، مجھے کوئی جواب دے گا کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟ کیوں ہمارے خلاف سازش بنی گئی ، کون تھے وہ چہرے ، عمران خان کس طرح اقتدارمیں آئے ، جو پاکستان کی تباہی و بربادی کا سامان کر کے چلے گئے ہیں میں عوام سے درخواست کرتا ہوں ان کے دھوکے میں نہ آئیں ، ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، پھر آئی ایم ایف کو دوبارہ لانے والے کون ہیں ، عوام وہ چہرے پہچانے ، یہ وہ ہیں جو آج بڑھ چرھ کر جیل میں بیٹھ کر باتیں کر رہے ہیں۔