قومی خبریں

شیخ رشید نے پاکستانی سیاست میں آئندہ 120 دن نہایت اہم قرار دے دیے

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستانی سیاست میں آئندہ 120 دن نہایت اہم قرار دے دیے ، انہوں نے کہا ہے کہ پگڑیاں اچھالنے کا نہیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کا وقت ہے ، نالہ لئی پر ایکسپریس وے کے افتتاح کے بعد سیاست کو خیرباد کہوں گا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ویمن یونیورسٹی کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاستدان مغرب کی جانب دیکھ رہا ہے ، ملکی اداروں کے خلاف بیان بازی کرنےوالوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ، اداروں کے خلاف زبان استعمال کرنے والے منہ کے بل گریں گے ، پاکستانی سیاست کے 120دن بہت اہم ہوں گے ، آئندہ انتخابات میں پھر عمران خان آئیں گے ، عمران خان افغان مسئلے کو بہتر طریقے سے حل کررہے ہیں ، کیوں کہ افغانستان میں امن پاکستان اور خطے سے جڑا ہے ، عمران خان کی قیادت میں تبدیلی لائیں گے ، ن لیگ کو 2 نہیں اب 3 گروپس میں دیکھ رہا ہوں اور الیکشن کے قریب ن لیگ کی نئی الائنمنٹ ہوگی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ راولپنڈی طالبات کی تعلیم کےلحاظ سےپاکستان میں نمبرون ہے ، راولپنڈی میں تعلیم کے بعد صحت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں ، ہم نے ہر بیٹی کو تعلیم کی سہولت اس کے گھر تک پہنچائی ، ہم نےتعلیم کیلئےجو خواب دیکھا تھا اس کی مثبت تعبیر ہوئی ، رواں ماہ وزیراعلیٰ وقارالنساء یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے ، مری روڈ پر ایک بلڈنگ کو انٹرمیڈیٹ کالج میں بدل رہے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی میں ہم نے قبضہ چھڑواکر کالج بنایا ، راولپنڈی میں کوئی طالبہ زمین پربیٹھ کرتعلیم حاصل نہیں کرتی ، میری زندگی کا مشن تھا 60 تعلیمی ادارے بناؤں ، زندگی نے مہلت دی تو ایک نئی آئی ٹی یونیورسٹی بناؤں گا میری زندگی کا مشن ہے کمزور طاقتور ہو ، نالہ لئی کے افتتاح کے بعد سیاست کو خیرباد کہوں گا کیوں کہ سمجھتا ہوں کسی اور کو بھی آنے کا موقع دیاجائے۔