قومی خبریں

حکومت بلوچستان کے حقیقی مقامی اخبارات کی سرپرستی کرے،ایکشن کمیٹی

کوئٹہ: حکومت بلوچستان کی جانب سے اشتہارات کی BPPRA پر منتقلی کیخلاف ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ جاری رہا۔

علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات،جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان شریک تھے۔احتجاجی کیمپ کے شرکاءکا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے سے صوبے کے پرنٹ میڈیا کی بقاءخطرے میں پڑ جائے گی ۔

حکومت بلوچستان بلوچستان کے حقیقی پرنٹ میڈیا کی سرپرستی کرے کیونکہ اخباری صنعت صوبے کی واحد صنعت جو ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کررہی ہے۔

شرکاءکا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے حقیقی پرنٹ میڈیا کی بقاءکی جنگ لڑرہے ہیں اس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے کیونکہ اخباری صنعت سے ہزاروں خاندان وابستہ ہیں دوسری جانب صوبے کی اخبار مارکیٹ کے فنڈز کے عدم اجراء کے باعث مسائل کا شکار ہوچکی ہے گزشتہ 8 برس سے فنڈز کا جاری نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ۔

علامتی احتجاجی کیمپ میں شریک مدیران کا کہنا تھا کہ اخباری صنعت کے مسائل کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے نام کھلا خط تحریرکیا جائے گا تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے۔ علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاءنے متفقہ فیصلہ کیا کہ اخباری صنعت کے مسائل اور محرکات کو مناسب فورمز پر اجاگر کرنے کیلئے خطوط ارسال کئے جائیں گے۔