تجارتی خبریں

بجلی کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:بجلی کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاگیا ہے۔چئیر مین وسیم مختار کی سربراہی میں نیپرا اتھارٹی میں سماعت ہوئی۔حکام کا موقف تھا کہ جون کے ماہ میں 13 ارب یونٹ بجلی فروخت ہوئی،ایف سی اے سے متعلق ریفرنس لاگت سے ایکچوئل لاگت میں فرق رہا،ماہ جون کے ایف سی اے میں گزشتہ ایڈجسٹمنٹس بھی شامل،ایک ماہ کیلئے صارفین کی صورت میں 34 ارب سے زائد کا بوجھ پڑے گا،جولائی کے ماہ میں 3 روپے 33 پیسے کا ایف سی اے صارفین نے ادا کیا،جون کے ماہ ایف سی اے کی مد میں صارفین 2 روپے 63 پیسے ادا کریں گے۔حکام کا کہنا تھا کہ سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد فیول چارجز لاگت میں کمی آئی۔ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ کمی کیسے آئی ہے کونسے اقدامات کئے گئے ہیں؟ تو حکام نے جواب دیا کہ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار جیسے اقدامات شامل ہیں،ممبر نیپرانے استفسار کیا کہ کونسا پلانٹ مقامی کوئلے سے چلایا گیا ہے؟ حکام نے کہا کہ تھرکول سے بجلی مقامی کوئلے سے استعمال میں آئی،اس پرممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ ایسا نہ کریں کونسے استعمال میں آئی جب سسٹم میں شامل ہی نہیں۔نیپرا اتھارٹی نے سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی ۔اتھارٹی ایف سی اے پر اعدادوشمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرے گی،من و عن منظوری سے صارفین پر ایک ماہ کیلئے 34 ارب سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔