قومی خبریں

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں اضافہ کرنے کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے تمام مطالبات ماننے کی تیاری کرلی۔ تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ شوکت ترین نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پٹرولیم لیوی میں اضافہ کرنے کیلئے دباو ڈالا جا رہا ہے۔ مشیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی کو آہستہ آہستہ بڑھایا جائے گا، پٹرولیم لیوی میں اضافے کے ذریعے ہی بجٹ خسارے کو پورا کریں گے، اس وقت پوری دنیا میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔مشیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا لیکن گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔ دوسری جانب نجی ٹی وی جی این این کے مطابق وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے تمام مطالبات ماننے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تیاری کرلی، آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتیں مزید بڑھنے پر ہی قرضے کی اگلی قسط ملے گی،جس پر وزارت خزانہ کو پٹرول مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کیلئے ورکنگ کی ہدایت کردی گئی ہے، یکم نومبر کو وزیراعظم کی مصروفیت کے باعث قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں، اوگرا سمری میں پٹرول 11روپے 53پیسے ،ڈیزل 8روپے 49پیسے اور لائٹ ڈیزل 5روپے بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔جبکہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سرکاری ٹی وی پر براہ راست قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تیل کی قیمت 33اور عالمی سطح پر 100فیصد بڑھی ہے، ہمسایہ ممالک کو دیکھ لیں، ہندوستان میں تیل کی قیمت اڑھائی سو،بنگلادیش 200روپے، پاکستان 138روپے ہے،ہم نے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا لیوی کو کم کیا۔حکومت نے اپنا پیٹ کاٹا اور لوگوں کو مہنگائی کے بوجھ سے بچایا۔پاکستان دنیا میں پٹرول میں سستا ملک ہے، آج کہہ رہا ہوں ہمیں پٹرول کی قیمت تھوڑی سی بڑھانا پڑے گی، کیوں اگر قیمت نہ بڑھائی تو خسارہ مزید بڑھ جائے گا، امریکا، یورپ، جرمنی ترکی چین میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے، سردیوں کے بعد قیمتیں نیچے آجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا واقعی ہی مسئلہ ہے، اپوزیشن کا کام تو تنقید کرنا ہے، میڈیا کی تنقید سے معاشرے کا فائدہ ہوتا ہے، میڈیا کو چاہیے متوازن رپورٹ چلائیں کہ ہماری حکومت کی وجہ سے کیا مہنگائی بڑھی ہے؟ ترکی میں مہنگائی 19 فیصد اور کرنسی 35 فیصد نیچے گری ہے۔ چین کی مہنگائی 26 سال میں سب سے زیادہ اوپر گئی ہے، جرمنی میں مہنگائی ہوئی، امریکا اور یورپ میں گیس کی قیمتیں بڑھی ہیں۔