قومی خبریں

پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر دبئی کے برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کر دیا گیا

دبئی :پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر دبئی کے برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کر دیا گیا، دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت پر پاکستانی پرچم کے عکس کا نظارہ کرنے کیلئے پاکستانیوں کی بڑی تعداد عمارت کے پاس اکٹھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے علاقے دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر ایک مرتبہ پھر پاکستانی پرچم آویزاں کر دیا گیا۔بدھ کی رات کو پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کیا گیا تو یہ خصوصی نظارہ دیکھنے کیلئے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ حالیہ چند برسوں کے دوران ہر سال پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر دبئی کے برج خلیفہ پر پاکستان کو پرچم آویزاں کیا جاتا ہے۔جہاں ایک جانب دبئی حکومت نے برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کر کے پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا، تو دوسری جانب سے بدھ کے روز یو اے ای قونصلیٹ کراچی میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی، خاتون اول پاکستان آصفہ بھٹو زرداری اور ہمشیرہ فریال تالپور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں یو اے ای اور پاکستان کے مابین بہتر تعلقات کے فروغ میں معاون مختلف شخصیات کو اعلی کارکردگی کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین دیرینہ اور انتہائی مضبوط تعلقات گزشتہ کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔تقریب میں پاکستان کے جشنِ آزادی کی مناسبت سے اماراتی وزیر برائے بین المذاہب نہیان بن مبارک کا خصوصی پیغام نشر کیا گیا۔تقریب میں صحت، تعلیم، کھیل، صحافت، موسمیاتی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرنے والوں، ہوابازی اور ثقافت سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو تعریفی اسناد دی گئیں۔قبل ازیں گرین پاکستان مہم میں خاتونِ اول آصفہ بھٹو اور فریال تالپور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور گرین پاکستان اینیشیٹو کے تحت یو اے ای قونصلیٹ میں پودا بھی لگایا۔اس موقع پر قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کے لیے ملک بھر میں درخت لگانے چاہئیں، ہر شہری کو چاہیے کہ وہ اس مہم کا حصہ بنے اور اپنے حصے کا پودہ ضرور لگائے۔